پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عوام متحد رہیں تو پاکستان کبھی ناکام نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج پٹارو میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں وہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خدمت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنا ایک منفرد مقام بنا چکا ہے اور ملک کی ترقی نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بہترین استعمال سے ہی ممکن ہے۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی درست تربیت اور تعلیم ناگزیر ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور پاک افواج دن رات ملک کے دفاع کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے جو نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔