انڈر 19 ایشیا کپ 2025 جیتنے کے بعد پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے میدان میں شاندار جشن منایا۔ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر دوسری بار ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔فائنل میں پاکستانی شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو بڑے اسکور کے دباؤ میں ڈالا اور پھر تباہ کن بولنگ سے بھارتی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کر دیا۔ اس فتح نے شائقین کو 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی یاد تازہ کرا دی۔جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے سبز ہلالی پرچم تھام کر قومی نغمہ ‘دل دل پاکستان’ اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے ساتھ مل کر گایا۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی فلمی گانے پر رقص کر کے حریف ٹیم کے شائقین کو بھی جلنے پر مجبور کر دیا۔میچ سے قبل بھارتی تجزیہ کاروں کی جانب سے فائنل میں بھارت کی یکطرفہ فتح کے دعوے کیے جا رہے تھے، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل سے ان تمام اندازوں کو غلط ثابت کر دیا۔ ٹرافی اٹھاتے وقت پاکستانی کھلاڑی فاتحانہ انداز میں میدان سے باہر نکلے۔جشن کے دوران نوجوان کھلاڑیوں نے بھارتی فلم کے گانے پر رقص کیا جس کی ویڈیوز ایشین کرکٹ کونسل نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد کو بھی سراہ رہے ہیں، جنہوں نے فائنل میں بھارت کے خلاف تیسری کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ایشین چیمپئن بننے پر کھلاڑیوں کے گھروں میں بھی جشن منایا گیا۔ کپتان فرحان یوسف اور فاسٹ بولر عبدالسبحان کے اہلِ خانہ اور دوستوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔