سکھر میں خواتین کی 10 کلومیٹر میراتھن، کینیا کی رنر نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

سکھر میں منعقد ہونے والی خواتین کی 10 کلومیٹر میراتھن نے کھیلوں کے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی، جہاں بین الاقوامی سطح کی ایتھلیٹس نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

خواتین کی 10 کلومیٹر ریس میں کینیا سے تعلق رکھنے والی معروف ایتھلیٹ میونی متوکو نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا۔ جاپان کی رنر یوکو لگوچی دوسری پوزیشن پر رہیں، جبکہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے لاہور کی ماہ نور افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

منتظمین کے مطابق پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خاتون ایتھلیٹ کو 2 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، دوسری پوزیشن پر آنے والی رنر کو 1 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ایتھلیٹ کو 75 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ چوتھی پوزیشن کے لیے 50 ہزار روپے اور پانچویں پوزیشن کے لیے 25 ہزار روپے نقد انعام مقرر ہے۔

سکھر کی تازہ خبریں“>میرا تھن میں 20ویں نمبر تک آنے والی دیگر رنرز کو بھی 20، 20 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، تاکہ کھیلوں کے فروغ اور خواتین کی حوصلہ افزائی کو مزید تقویت دی جا سکے۔

یہ دوسری لوک سہائتا میراتھن ہے، جو سندھ پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ سکھر و خیرپور، سکھر میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سکھر کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔

میرا تھن میں مرد و خواتین دونوں کی کیٹیگریز شامل ہیں، جن میں 10 ممالک کے بین الاقوامی رنرز کے ساتھ پاکستان بھر سے ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ مردوں کی میراتھن 42.195 کلومیٹر کے فاصلے پر مشتمل ہے، جس کا تھیم “امید کی دوڑ” رکھا گیا ہے۔