ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شمالی اور بالائی بلوچستان میں سردیوں کی پہلی بارش اور برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ چمن، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے باعث متعدد مقامات پر بجلی کے کھمبے، دیواریں اور درخت گر گئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بالائی بلوچستان کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ کان مہترزئی کے پہاڑی علاقوں میں سردیوں کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ تقریباً دس ماہ بعد ہونے والی بارش سے بلوچستان میں جاری خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

طویل خشک سالی کے بعد نیلم ویلی اور اس کے گرد و نواح میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر اٹھ مقام سمیت ازنک کیل سرگن، شونتھر، بلمت، سرداری، جانولی، جگراں ویلی اور رتی گلی میں بھی برفباری کی اطلاعات ہیں۔

پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور موسم سرد ہو گیا ہے۔ نوشہرہ، ٹانک، میانوالی، شاہ پور اور سرگودھا میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری ہے۔