;پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں پنجاب لینڈریکارڈ اتھارٹی میں زمین کے ریکارڈکی درستگی کا طریقہ کار نہایت آسان بنا دیا گیا ہے، جس پر عمل کرکے شہری متعدد قانونی اور انتظامی مسائل سے بچ سکتے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی ویڈیوز جاری کی جاتی ہیں، جن میں شہریوں کو ریکارڈ درست کرانے کا مکمل طریقہ سمجھایا جاتا ہے۔جاری کردہ ویڈیو کے مطابق شہری سب سے پہلے سروس سینٹر کے استقبالیہ پر اپنا اصلی شناختی کارڈ پیش کرکے اندراج کروائیں۔ اس کے بعد تصاویر اور بائیو میٹرک تصدیق مکمل کروا کر ٹوکن حاصل کیا جاتا ہے۔شہری اپنی ملکیت کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال سروس سینٹر آفیشل کے ذریعے کرواتا ہے، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ریکارڈ میں موجود غلطی ڈیٹا انٹری سے متعلق ہے یا فیلڈ عملے کی جانب سے ہوئی ہے۔ڈیٹا انٹری سے متعلق غلطی کی صورت میں سروس سینٹر آفیشل فردِ بدر تیار کرکے سروس سینٹر انچارج کو بھجواتا ہے۔ بعد ازاں سروس سینٹر انچارج فردِ بدر کا متعلقہ ریکارڈ سے موازنہ کرکے اسے تصدیق کے لیے اے ڈی ایل آر کو ارسال کرتا ہے۔اے ڈی ایل آر مکمل تحقیق کے بعد فردِ بدر کی تصدیق کرتا ہے، جس کے بعد شہری کا زمین کا ریکارڈ درست کر دیا جاتا ہے۔