توشہ خانہ ٹو کیس میں احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے، جس کے تحت دونوں کو مجموعی طور پر فی کس 17، 17 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے دفعہ 409 کے تحت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 10، 10 سال قید جبکہ دفعات 5، 2 اور 47 کے تحت 7، 7 سال قید کی سزا سنائی۔ اس طرح دونوں کی مجموعی سزا 34 سال بنتی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان پر فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ 500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔یہ فیصلہ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں سنایا، جہاں آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی۔ واضح رہے کہ کیس کی آخری سماعت 16 اکتوبر کو ہوئی تھی، جس کے بعد تین مرتبہ سماعت ملتوی کی گئی۔نیب نے 13 جولائی 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزمان 37 دن تک نیب کی تحویل میں رہے، جس کے بعد 20 اگست کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا۔ دوسری جانب راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 میں 24 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے، جلوسوں، ریلیوں اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔