شدید دھند کے باعث پی آئی اے پروازیں متاثر مسافروں کے لیے الرٹ جاری

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملک کے اہم شہروں میں شدید دھند کے باعث پروازوں کے شیڈول میں نمایاں خلل کی اطلاع دیتے ہوئے مسافروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے
پی آئی اے کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی شدت کے باعث ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ ہوائی اڈوں پر حدِ نگاہ میں شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث طیاروں کی محفوظ اڑان اور لینڈنگ میں مشکلات درپیش ہیں ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹکٹ بکنگ کے وقت اپنا درست اور فعال رابطہ نمبر فراہم کریں، تاکہ پروازوں کے شیڈول میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے بروقت آگاہ کیا جا سکے پی آئی اے حکام کے مطابق خراب موسمی حالات کے پیشِ نظر حفاظتی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال بہتر ہونے تک پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کا امکان موجود ہے دوسری جانب ملک کے کئی شہر شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔ لاہور 286 پارٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ کراچی 233 اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔پشاور اس وقت ملک کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے جہاں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 537 ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں اے کیو آئی 384، خانیوال میں 304 اور ملتان میں 208 ریکارڈ کیا گیا ہے