سکھر ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز “SAFE SKY-2025” کا انعقاد

سکھر (نمائندہ خصوصی) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے زیرِ اہتمام بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز “SAFE SKY-2025” کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس فرضی مشق کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کی تیاری، باہمی رابطہ کاری اور عملی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا ایمرجنسی ایکسرسائز کے دوران فائر فائٹنگ، ریسکیو اور میڈیکل آپریشنز کے عملی مظاہرے کیے گئے، جن میں ایئرسائیڈ مینجمنٹ اور پی اے اے کے مختلف شعبوں کے عملے نے حصہ لیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے جبکہ شدید زخمیوں کو ریسکیو 1122 اور ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کرنے کی فرضی مشق بھی کی گئی۔فل اسکیل آپریشن میں پی آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ریسکیو 1122، ایدھی فاؤنڈیشن، سول اسپتال، سکھر بلڈ بنک اسپتال، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، سندھ پولیس، ٹریفک پولیس سمیت دیگر اداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے مشق کا مشاہدہ کیا۔تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ مہمانِ خصوصی جبکہ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اعزازی مہمان تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر اور گرد و نواح کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ ایئرپورٹ
سکھر کو جلد بین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ دیا جا رہا ہے، جس کے بعد مسافر براہِ راست سکھر سے عمرہ اور حج کے لیے سعودی عرب جا سکیں گے۔کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری نہایت ضروری ہے، اور اس طرح کی فرضی مشقیں اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ دورانِ سفر ایس او پیز پر عمل کریں۔بی این بی ایئرپورٹ سکھر کے منیجر سعید عباسی نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر ہر دو سال بعد فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد مشینری اور عملے کی تیاری کو جانچنا ہوتا ہے۔ شرکاء نے تمام اداروں کی فائر فائٹنگ، ریسکیو اور میڈیکل سروسز کی کارکردگی کو سراہا۔