مریم نواز کا عوام کو دھوکا دینے والے سرکاری افسران کے خلاف سخت اقدام نوکری سے فارغ اور جیل بھیجنے کا حکم

اسلام آباد/لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو دھوکا دینے والے سرکاری افسران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ملازمت سے فارغ کرکے جیل میں ڈالنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور آٹا فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ اسی تناظر میں وہ خود پھل اور سبزی منڈیوں کے سرپرائز وزٹ کریں گی تاکہ قیمتوں پر نظر رکھی جا سکے۔

انہوں نے وزیر زراعت، معاون خصوصی، ڈی جی فوڈ اور ٹیم کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ آف سیزن سبزیوں کے حصول کے لیے جدید کاشت کے طریقے اپنائے جائیں۔ اس کے علاوہ مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکریٹری بھرتی کرنے کی اجازت دی گئی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب کوئی مافیا کلچر پنپ نہیں سکتا۔ مزید یہ کہ پنجاب میں ایسے شاندار کام ہو رہے ہیں کہ دیگر صوبے تقلید کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔