پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کے بعد نیلامی اب 22 دسمبر 2025 کو منعقد ہوگی۔ محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کے پیش نظر بڈنگ کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ پی سی بی نے موجودہ چھ فرنچائزز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے جبکہ نئی فرنچائزز کے لیے فی سال ایک ارب 30 کروڑ روپے کی قیمت مقرر کی گئی ہے، اور تمام مالی معاملات پاکستانی روپے میں طے کیے جا رہے ہیں۔ ٹیموں کی تعداد آٹھ کرنے کے لیے راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، حیدرآباد، مظفرآباد اور گلگت میں سے دو شہروں کا انتخاب کیا جائے گا۔