پاکستان تحریک انصاف کو مالی بحران، ارکانِ پارلیمنٹ سے فنڈز جمع کرانے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے باعث پارٹی قیادت نے ارکانِ پارلیمنٹ سے مالی تعاون طلب کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے اس حوالے سے پارٹی کے پارلیمانی ارکان کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی امور چلانے کے لیے ہر پارلیمنٹر اپنی تنخواہ کا 10 فیصد پارٹی فنڈ میں جمع کرائے گا۔ خط کے مطابق ایم این ایز، سینیٹرز اور ایم پی ایز کو ماہانہ 50 ہزار روپے پارٹی فنڈ میں دینا ہوں گے۔ فردوس شمیم نقوی نے خط میں واضح کیا کہ پارٹی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ تمام اسمبلی ارکان 72 گھنٹوں کے اندر مطلوبہ رقم جمع کرا دیں گے۔