اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور تین ججز کا احتساب ہونا چاہیے اور ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا احتساب کرکے ایک مثال قائم کی، اور امید ہے کہ قمر باجوہ کا بھی احتساب کیا جائے گا۔ ن لیگی سینیٹر نے سابق چیف جسٹسز ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور جج اعجاز الاحسن کے کردار پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ تینوں ججز نے نواز شریف کے ساتھ کیا کیا، اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ناصر بٹ نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کی حکومت گرانے میں ملوث تمام کردار، جن میں تین ججز اور قمر باجوہ شامل ہیں، کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سے آئندہ کوئی چلتی حکومت نہیں گرا سکے گا۔انہوں نے نواز شریف سے زیادتی کرنے والے تمام کرداروں سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔ سینیٹر نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ ان پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔