امریکا میں موجود افغان شہریوں سے متعلق تشویشناک انکشاف، تقریباً 2 ہزار افراد کے دہشتگرد تنظیموں سے روابط

امریکا میں موجود افغان شہریوں کے حوالے سے ایک سنگین اور تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق تقریباً 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشتگرد تنظیموں سے براہِ راست یا ممکنہ روابط پائے گئے ہیں۔ یہ انکشاف امریکی نیشنل انٹیلیجنس کی ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ نے امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کے دور میں امریکا آنے والے افغان شہریوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو سست اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن الائز ویلکم کے تحت 16 ہزار افغان شہری امریکا داخل ہوئے، تاہم اس دوران مکمل اور مؤثر اسکریننگ نہیں کی گئی۔ تلسی گیبارڈ کے مطابق اب ان تمام افغان شہریوں کی دوبارہ سخت جانچ کی جا رہی ہے، جس میں ابتدائی طور پر تقریباً 2 ہزار افراد کے دہشتگرد تنظیموں سے تعلقات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں امریکا میں حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں، اس لیے اس خطرے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔