کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ایک حیران کن اور غیر معمولی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جہاں ایک کم عمر ملزم طوطے کی تلاش کا بہانہ بنا کر گھروں میں داخل ہو کر لوٹ مار کر رہا ہے۔ گلستان جوہر بلاک ون کے ایک فلیٹ میں بھی اسی نوعیت کی واردات پیش آئی رپورٹ کے مطابق ملزم نے ایک گھر کی بیل بجائی اور کہا کہ “میرا طوطا آپ کے گھر آگیا ہے، ذرا گیلری میں دیکھیں۔” اس کے ہاتھ میں ایک ہری مرچ بھی تھی، وہ کہہ رہا تھا کہ طوطا اس کی خوشبو سے واپس آئے گا۔ جیسے ہی 7 سالہ بچی نے دروازہ کھولا، ملزم فوراً اندر داخل ہوا اور دو موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کم عمر ملزم گلشنِ اقبال اور گلستان جوہر میں درجنوں گھروں میں وارداتیں کر چکا ہے اور وارداتوں کے دوران اپنا حلیہ بدل لیتا ہے جس کی وجہ سے گرفتاری میں مشکلات پیش آ رہی ہیں چند ماہ قبل ملزم کی ایک فوٹیج بھی منظرعام پر آئی تھی، لیکن پولیس اب تک اسے گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ رہائشیوں میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے اور علاقے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔