میانمار کی فوج کا اسپتال پر فضائی حملہ 31 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

میانمار میں ایک اور سنگین انسانی المیہ پیش آیا ہے جہاں فوج نے مغربی ریاست رخائن کے شہر مروک اُو کے ایک اسپتال پر فضائی بمباری کی، جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک جبکہ 68 سے زائد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق حملہ رات گئے کیا گیا، جس کے باعث اسپتال کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا اور ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہری محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں واضح رہے کہ میانمار میں 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے خانہ جنگی جاری ہے اور متعدد شہری علاقوں پر فضائی حملوں کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ اس سے قبل میانمار کے دو اسکولوں پر حملے میں طلبا سمیت 18 افراد ہلاک ہوئے تھے میانمار فوج نے 28 دسمبر کو ملک میں انتخابات کے انعقاد کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔