بہاول نگر کے علاقے زمان نگر میں ایک منفرد اور دلچسپ مقابلۂ حسن منعقد ہوا جس میں حسیناؤں نے نہیں بلکہ خوبصورت بکریوں نے ریمپ پر واک کر کے حاضرین کو حیران کر دیا۔ دنیا کے کئی ممالک میں خواتین کے مقابلۂ حسن دیکھنے کو ملتے ہیں مگر اس انوکھے ایونٹ میں مستانی چال اور خوبصورت نقش و نگار والی بکریوں نے شرکت کی ملک بھر سے بیتل مکھی چینی نسل کی 650 سے زائد ناز و نعم میں پلی بکریوں نے ریڈ کارپٹ ریمپ پر ماڈلز کی طرح واک کی، اپنے حسن کے جلوے بکھیرے اور شائقین کو مسحور کر دیا اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر ثقافتی جھومر رقص اور بھنگڑے نے ایونٹ کو مزید رنگین بنا دیا اس منفرد مقابلے میں 5 فٹ قامت، دلکش نقش و نگار اور مستانی چال والی ’سوہنی‘ نے دیگر بکریوں کو پیچھے چھوڑ کر پہلا نمبر حاصل کیا۔ مہمان خصوصی ایم پی اے میاں انعام شوکت نے ونر بکریوں کو ہار اور میڈل پہنائے جبکہ ان کے مالکان کو خصوصی انعامات بھی دیے گئے شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس پنجاب کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں اور ان سے مقامی روایات کو عالمی سطح پر فروغ ملتا ہے۔