لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے 9 مبینہ مقابلوں میں گرفتار 9 ملزمان ہلاک ہو گئے۔پولیس کے مطابق لاہور کے علاقوں گرین ٹاؤن، کہنہ، سول لائنز، کینٹ، ماڈل ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن میں سی سی ڈی منشیات فروشوں کو ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔جوابی کارروائی کے دوران گرفتار 6 ملزمان اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جن میں فرید، محسن، آصف، فاروق، رمضان اور وسیم شامل ہیں۔حویلی لکھا میں مبینہ مقابلے میں منشیات فروش پرویز عرف بگی ہلاک ہوا، اس کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل اور چرس برآمد ہوئی جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔شیخوپورہ میں مبینہ مقابلے میں منشیات فروش نثار عرف ٹونڈا مارا گیا، اور اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔ ننکانہ صاحب میں مبینہ مقابلے میں مطلوب منشیات فروش اعجاز عرف ججی مارا گیا، جو 7 مقدمات میں مطلوب تھا، اور اس کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق، تمام کارروائیاں قانون کے مطابق کی گئیں، اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور تلاش جاری ہیں۔