سام سنگ نے اسمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرتے ہوئے اپنا پہلا ملٹی فولڈنگ فون ’گیلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ‘ متعارف کرا دیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق یہ فون سام سنگ کی اُس حکمتِ عملی کی علامت ہے جس کے ذریعے وہ فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں چینی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اثر کو چیلنج کرنا چاہتا ہے۔
اس جدید ٹرائی فولڈ فون کی قیمت تقریباً 2440 ڈالر (پاکستانی 6 لاکھ 90 ہزار 490 روپے) مقرر کی گئی ہے۔ تین فولڈنگ پینلز پر مشتمل فون کا ڈسپلے 10 انچ کا ہے، جو گیلیکسی زیڈ فولڈ 7 کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد بڑا ہے۔سام سنگ الیکٹرانکس کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ الیکس لِم کا کہنا ہے کہ فولڈ ایبل ڈیوائسز کی مارکیٹ ترقی کی جانب گامزن ہے اور ٹرائی فولڈ اس شعبے کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔یہ نیا ملٹی فولڈنگ فون 12 دسمبر کو جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ چین، سنگاپور، تائیوان اور متحدہ عرب امارات میں بھی اسی سال لانچ کیا جائے گا۔امریکا میں اس کی لانچنگ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
فون میں سام سنگ کی فلیگ شپ ماڈلز کی سب سے بڑی بیٹری شامل ہے جو سپر فاسٹ چارجنگ سپورٹ کرتی ہے اور ڈیوائس کو 30 منٹ میں 50 فیصد چارج کر دیتی ہے۔