ٹھکراٹھو کے قریب واقع گاؤں ڍنڍی میں سید برادری کے افراد نے بااثر شخصیات اور خانگڑھ سب ڈویژن کے ایس ڈی او ایریگیشن غلام مرتضیٰ پتافی سمیت عملے کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ علی حسن شاہ، کلیم شاہ، سجاد شاہ، رب نواز شاہ، کامران شاہ اور دیگر افراد نے میڈیا کو بتایا کہ بااثر وڈیرے واجد شاہ اور ایس ڈی او ایریگیشن نے رات کی تاریکی میں زبردستی ان کا واٹر کورس توڑ دیا، جس کے باعث ان کی سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایس ڈی او ایریگیشن بااثر افراد سے رشوت لے کر ان کی زمینوں کا پانی موڑ رہا ہے، جبکہ مخالفین ان پر جھوٹے مقدمات بنوانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی سکھر، ڈی آئی جی سکھر، منتخب نمائندگان سید خورشید احمد شاہ، جام اکرام دھاریجو اور ایریگیشن محکمے کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ بااثر افراد اور ایس ڈی او ایریگیشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زبردستی بند کیا گیا واٹر کورس کھلوایا جائے تاکہ ان کی زمینیں بنجر ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔ دوسری جانب واجد شاہ نے اپنے اوپر لگے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے اس واقعے کی کوئی معلومات نہیں، جبکہ ایس ڈی او نے واٹر کورس کو غیرقانونی قرار دے کر خود توڑا ہے، اس کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔