ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جس کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفرگڑھ کے حلقوں میں انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے جبکہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ مجموعی طور پر 2 ہزار 792 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 408 انتہائی حساس اور 1 ہزار 32 حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان کے لیے 20 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ این اے 18 ہری پور میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، این اے 96 فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے طلال بدر چوہدری 15 آزاد امیدواروں کا سامنا کریں گے جبکہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ (ن) کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ میں کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔ یہ تمام نشستیں پی ٹی آئی کے مختلف رہنماؤں کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔