کراچی آرام باغ میں بھتہ مانگنے کا ڈراپ سین گینگ وار نہیں ملائشیا میں مقیم شخص ملوث نکلا

کراچی کے علاقے آرام باغ میں ریسٹورنٹ مالک سے بھتہ طلب کرنے کا معاملہ حل ہوگیا، اور حیران کن طور پر یہ بھتہ کسی گینگ وار نے نہیں بلکہ ملائشیا میں مقیم لاہور کے شہری نے طلب کیا تھا پولیس کے مطابق ریسٹورنٹ مالک کو ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں گینگ وار کے نام پر 20 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔ بعد ازاں مذاکرات کے دوران رقم کم ہو کر 3 لاکھ روپے پر طے ہوئی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم حماد، جو ملائشیا میں رہائش پذیر اور لاہور کا رہائشی ہے، نے ریسٹورنٹ کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے مالک کا نمبر حاصل کیا اور بیرونِ ملک بیٹھ کر بھتہ مانگا مزید پتہ چلا کہ ملزم نے پاکستان میں مختلف افراد سے رقم ادھار لے رکھی ہے۔ جن لوگوں سے ادھار لیا، ان سے کہا گیا کہ وہ اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کریں تاکہ کراچی سے ایک دوست اُن کے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کرے۔ انہی میں سے ایک شخص کا اکاؤنٹ نمبر بھتے کی رقم کے لیے تاجر کو بھیجا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی شہریوں کو فون کالز، آن لائن دھوکے اور جعلی بھتہ خوری سے بچانے کے لیے اہم پیش رفت ہے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی انجان شخص کو اپنا اکاؤنٹ نمبر نہ دیں اور مشکوک کالز، پیغامات یا بھتے کے مطالبے کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔