سکھر میں دو روزہ ڈیکلیمیشن مباحثہ اور ڈرائنگ مقابلہ منعقد، طلبہ نے بدعنوانی کے خلاف پیغام دیا

سکھر پیپلز پرائمری اسکول سکھر میں 18 اور 19 نومبر 2025 کو دو روزہ ڈیکلیمیشن مباحثہ اور ڈرائنگ مقابلہ منعقد ہوا۔ اس تقریب میں ایف سی ایف (SEF) کے تعاون سے سکھر کے پانچ تعلقہ کے اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اس سال مقابلے کا موضوع Say No to Corruption بدعنوانی سے انکار کریں رکھا گیا، جس کے تحت طلبہ نے اپنی تقاریر اور ڈرائنگز کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف مضبوط پیغام دیا اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو فنونِ لطیفہ کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا، اور اعتماد، اظہارِ خیال اور شعور میں اضافہ کرنا تھا اساتذہ، اسکول سربراہان اور کمیونٹی نمائندگان نے اس مثبت اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت، سوچ، رابطے اور فنی مہارتوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سکھر کے ریجنل ہیڈ مقبول احمد لغاری، ضلعی آفیسر ایاز حسین انصاری، پروفیسر غلام حسین منگنھار اور پروفیسر عطاء اللہ سمیجو تھے۔ آخر میں، طلبہ کو ان کی شرکت اور بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا گیا۔