رامسوامی ڈمپر حادثہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد دہشت گردی کی دفعات کے تحت چوتھا مقدمہ درج

کراچی کے علاقے گارڈن رامسوامی میں ڈمپر حادثے میں نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر چوتھا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ڈمپر کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں 20 سے 25 شرپسند افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔مدعی کے بیان کے مطابق ڈمپر انہوں نے قسطوں پر خریدا تھا، جسے نیازاللہ نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ واقعے کے روز کنڈیکٹر نے اطلاع دی کہ نشتر روڈ پر متعدد افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی ہے۔ مدعی موقع پر پہنچے تو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھا رہی تھیں،بعدازاں معلوم ہوا کہ ڈمپر کے حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم نے ڈرائیور پر تشدد کیا اور گاڑی کو آگ لگا دی، جب کہ کچھ افراد مسلح بھی تھے جنہوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔