دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ سے پانی کی فراہمی متاثر کی الیکٹرک نے 18 گھنٹوں میں بحالی کی یقین دہانی کرائی

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپس کیبل فالٹ کے باعث بند ہو گئے، جس سے شہر کو 54 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فالٹ 18 گھنٹوں کے اندر درست کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیشن پر 22 میںسے 19 پمپوں کو بجلی کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق زیرِ زمین کیبل فالٹ کے باعث تین پمپنگ موٹروں پر بجلی کا تعطل آیا تھا، جو فالٹ درست ہوتے ہی بحال کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو بھی حب کینال کی مرمت کے کام کے باعث شہر میں دو روز تک پانی کی سپلائی معطل رہی تھی۔ اس دوران ویسٹ، کیماڑی اور سینٹرل اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔ اس بندش کا مقصد حب ڈیم سے X-Regulator تک تفصیلی معائنہ اور مرمت کرنا تھا۔کراچی واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور ضرورت کے مطابق پانی ذخیرہ کر لیں تاکہ عارضی بندش کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق شہر میں پانی کی تقسیم بہتر بنانے اور نظام کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے۔