27ویں آئینی ترمیم کل سینیٹ میں پیش کی جائے گی حکومت نے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کر دیا

حکومت کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کل سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کی عدم شمولیت کے باوجود ایوان میں ترمیم کی منظوری کے لیے درکار نمبرز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سینیٹ کے 96 ارکان میں سے حکومت کو 65 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ آئینی ترمیم منظور کرانے کے لیے کم از کم 64 ووٹ درکار ہیں۔ حکومت کو اے این پی کے تین سینیٹرز، آزاد سینیٹر نسیمہ احسان اور مزید چھ آزاد ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا امکان ہے جن میں محسن نقوی، عبدالکریم، فیصل واوڈا، عبدالقادر، انوارالحق کاکڑ اور اسد قاسم شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے جے یو آئی کے سینیٹرز سے بھی رابطے بڑھا دیے ہیں تاکہ انہیں ترمیم کی حمایت پر قائل کیا جا سکے۔سینیٹ میں پیپلز پارٹی 26 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پاس 20 سینیٹرز موجود ہیں۔ بی اے پی کے چار، ایم کیو ایم کے تین، اے این پی کے تین، جبکہ نیشنل پارٹی اور ق لیگ کے ایک ایک سینیٹر بھی حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن کو 29 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے، جن میں پی ٹی آئی کے 14، جے یو آئی کے 7 اور 6 آزاد ارکان شامل ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے ایک ایک سینیٹر بھی اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔ تاہم، اپوزیشن کے آزاد ارکان مراد سعید اور خرم ذیشان نے تاحال حلف نہیں اٹھایا۔