لندن کے مسلمان میئر صادق خان نے کہا ہے کہ ظہران ممدانی کا میئر نیویارک منتخب ہونا ان کی “فنٹاسٹک فتح” ہے۔ صادق خان نے اپنے بیان میں کہا کہ نیویارک کے شہری خوف پر امید اور تقسیم پر اتحاد کا انتخاب کرنے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ان کے مطابق لندن کی طرح نیویارک بھی لبرل، کثیر الثقافتی، ترقی پسند اور کامیاب شہر ہے، جو صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے برعکس سوچ رکھتا ہے۔صادق خان 2016 میں پہلی بار میئر بنے تھے اور 2021 اور 2024 میں بھی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک نے ڈیموکریٹ ظہران ممدانی کو منتخب کر کے لندن کی پیروی کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ظہران ممدانی کو میئر بننے سے روکنے کے لیے 26 ارب پتیوں نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے۔نو منتخب میئر نیویارک ظہران ممدانی نے جیت کے بعد اعلان کیا کہ وہ قابل اور ہمدرد انتظامیہ تشکیل دیں گے۔ پاکستانی نژاد لینا خان کو ان کی ٹیم میں اہم عہدہ مل گیا ہے، جبکہ نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کو عہدے پر برقرار رکھا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو میں ممدانی نے کہا کہ ان کی کامیابی صدر ٹرمپ کے لیے ایک سبق ہے، وائٹ ہاؤس سے مبارک باد موصول نہیں ہوئی تاہم وہ نیویارک کی ترقی کے لیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شہری ان کی ذمہ داری ہیں اور وہ ان کی زندگی بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔