کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائی، دو کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ ڈیزل پکڑا گیا

کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ نے سمندری راستے سے ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کا ایندھن ضبط کر لیا۔ کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی کے میرین یونٹ نے کیٹی بندر کے حاجمورو کریک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لکڑی کی دو لانچوں سے اکتیس ہزار چھے سو دس لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کیا۔ حکام کے مطابق یہ گزشتہ دس سالوں میں مشرقی سیکٹر میں اسمگلنگ کے خلاف پہلا بڑا کامیاب آپریشن ہے جو کسٹمز ٹیموں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ادارہ قومی مفادات کے تحفظ اور ساحلی علاقوں میں قانون کی بالادستی کے لیے ہر قسم کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔