ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ بھارت سمندر میں ایک فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، تاہم بھارت کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان کا ردِعمل اس بار پہلے سے زیادہ سخت اور مؤثر ہوگا۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان زمین، سمندر اور فضا — ہر محاذ پر اپنی عوام اور سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی پالیسی سازی میں مکمل خودمختار ہے اور کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کرتا، جب کہ فوج سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہتی، لہٰذا اسے سیاست سے دور رکھا جائے۔ گورنر راج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومتی فیصلہ ہے اور فوج کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے کبھی امریکا کو اپنی سرزمین سے افغانستان پر حملوں کی اجازت نہیں دی، ایسی خبریں محض افغان پروپیگنڈا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا ردعمل بروقت اور مؤثر تھا، جب کہ دوحہ اور استنبول مذاکرات کا واحد ایجنڈا سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ تھا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کی عبوری حکومت کو نہ اپنے عوام کی حمایت حاصل ہے اور نہ سیاسی جماعتوں کی۔