پاکستان میں پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح، ڈیجیٹل معیشت کی سمت اہم قدم

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسے ملک کے ڈیجیٹل سفر کا ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر کروم بک کی تیاری سے نہ صرف عوام کو جدید ٹیکنالوجی تک سستی رسائی حاصل ہوگی بلکہ یہ اقدام تعلیم، روزگار اور برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گوگل کا پاکستان میں مقامی دفتر کھولنے کا فیصلہ محض علامتی نہیں بلکہ یہ ہمارے ملک کی ڈیجیٹل صلاحیت اور عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ اس اقدام سے پاکستانی اسٹارٹ اپس، کاروباری طبقے اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ ایک اسٹریٹیجک ایم او یو کے تحت گوگل اور پاکستان مشترکہ طور پر ایک لاکھ ڈویلپرز کو جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کریں گے، جب کہ عوامی تحفظ کے لیے مقامی AI سلوشنز کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسا ماحول قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں سرمایہ کاری اور اختراعی تعاون کو فروغ دے سکیں۔