کراچی کے علاقے رامسوامی میں ڈمپر کی ٹکر سے شوہر جاں بحق اور بیوی زخمی ہونے کے واقعے کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے ڈمپر کو نذرِ آتش کیے جانے پر ڈمپر ایسوسی ایشن نے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے ویڈیو بیان میں کہا کہ رات 12 بجے انہیں حادثے کی اطلاع ملی، جس پر انہوں نے ایس ایس پی سے رابطہ کیا اور اضافی نفری بھیجنے کی درخواست کی۔لیاقت محسود نے بتایا کہ ایس ایچ او کی کال پر وہ 20 سے 25 ایسوسی ایشن ممبران کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے موقع پر بیان بھی دیا کہ وہ جاں بحق بچے کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت موقع پر دو سے ڈھائی ہزار افراد جمع تھے۔ لیاقت محسود نے الزام لگایا کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، اور اعلان کیا کہ آج دوپہر دھرنا دیا جائے گا، جس کے دوران 3 بجے سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے بند کر دیے جائیں گے۔