پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں آج اور کل بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ایبٹ آباد، دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت کئی اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ شدید بارشوں سے کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے بہتر انتظامات اور احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں آج فضا آلودہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 162 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ دن میں گرمی جبکہ صبح سویرے خنکی دیکھی گئی۔ شمال مشرق سے خشک ہواؤں کی شدت میں کمی آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں نمی کا تناسب 87 فیصد رہا، شام میں نمی کی کمی کے باعث موسم خشک رہے گا۔ آج درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ رواں موسمِ سرما بھی خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔