پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے تیار کردہ درخواست جلد لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی۔شیخ امتیاز محمود، اعجاز شفیع، منیر احمد اور میاں شبیر اسماعیل کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست صدر، وزیراعظم، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجوزہ ایکٹ کی کئی شقیں آئین کے آرٹیکل 17، 32 اور 140-اے سے متصادم ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق غیر جماعتی ماڈل سے سیاسی جماعتوں کا کردار کمزور ہوگا، جب کہ انتظامی افسران کے اختیارات میں غیر آئینی اضافہ کیا گیا ہے۔اعجاز شفیع نے کہا کہ “غیر جماعتی اور ایک ووٹ ملٹی ممبر یونین کونسل ماڈل” پر شدید تحفظات ہیں اور ایڈمنسٹریٹرز کو غیر معینہ مدت تک تعینات رکھنے کا اختیار بھی آئین کے خلاف ہے۔درخواست گزاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل چیئرمین کے براہِ راست انتخاب کی بحالی، بلدیاتی اداروں کی پانچ سالہ مدت اور واضح انتخابی شیڈول لازمی قرار دیا جائے۔پی ٹی آئی رہنما لاہور ہائی کورٹ میں بل پر عمل درآمد روکنے کے لیے حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کریں گے۔