مشی خان کا صبا قمر کے کراچی مخالف بیان پر سخت ردعمل “یہ شہر تمہیں پہچان دینے والا ہے”

پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔واضح رہے کہ صبا قمر، جو پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، نے حال ہی میں گرین پرائم کے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ کراچی میں کبھی مستقل طور پر رہائش اختیار نہیں کریں گی۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا آپ کام کے لیے کراچی منتقل ہونا چاہیں گی؟ تو انہوں نے فوراً کہا: “استغفراللّٰہ، کبھی نہیں۔”صبا قمر نے مزید کہا کہ وہ صرف کام کے لیے کراچی جاتی ہیں، اپنا کام مکمل کرکے لاہور یا اسلام آباد واپس آجاتی ہیں کیونکہ انہیں کراچی پسند نہیں۔ اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور مداحوں نے بھی ان کے مؤقف پر ناراضی کا اظہار کیا۔اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے صبا قمر کے بیان کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ “کراچی میرا آبائی شہر ہے، اسی شہر کی وجہ سے لاہور کے فنکاروں کو شہرت، عزت اور پیسہ ملا۔ صبا قمر نے جن ڈراموں میں کام کیا، ان کے زیادہ تر چینلز کراچی میں ہیں، لہٰذا اس شہر کے بارے میں اس طرح کہنا مناسب نہیں۔”
مشی خان نے مزید کہا کہ کراچی نے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو پہچان دی ہے، اور یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ فنکاروں کو عزت دی ہے۔