کراچی میں نئے فیس لیس سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری ہونے کا سلسلہ جاری ہے، اور دوسرے ہی دن ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی گاڑی بھی کیمرے کی زد میں آ گئی۔رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 10 ہزار روپے جرمانے کا ای چالان جاری کیا گیا ہے، جس کے ساتھ 2 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کیے گئے۔ چالان گزشتہ روز جاری ہوا جس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 19 نومبر مقرر کی گئی ہے۔مذکورہ سرکاری گاڑی ایکسائز ریکارڈ کے مطابق آئی جی سندھ کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ چالان میں بتایا گیا کہ گاڑی لیاری ایکسپریس وے گارڈن کے مقام پر تھی، اور ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی۔پیر محمد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری گاڑی کا چالان ہوا ہے، گاڑی میرا ڈرائیور لے کر گیا تھا، اور مجھے آج اس کی اطلاع ملی۔‘‘ذرائع کے مطابق ای چالان کے دوسرے روز 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 301 شہریوں کو بھی خلاف ورزی پر چالان جاری کیے گئے۔