پی آئی اے کی نجکاری سے قبل 16 ہزار ریٹائرڈ ملازمین پنشن سے محروم

پی آئی اے کی نجکاری سے قبل ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نیا بحران پیدا ہوگیا۔ قومی ایئر لائن کے 16 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو ستمبر کی پنشن تاحال ادا نہیں کی جاسکی۔ذرائع کے مطابق، پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث ریٹائرڈ ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ملازمین کی پنشن کی ذمہ داری پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی پر ہے، تاہم ادائیگی میں تاخیر کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او اسد رسول سے مؤقف لینے کے لیے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، مگر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔قومی ایئر لائن ریٹائرڈ ملازمین ایسوسی ایشن کے صدر سید طاہر حسین نے بتایا کہ ’’پنشن کی عدم ادائیگی سے بزرگ ملازمین کو شدید مالی پریشانیوں کا سامنا ہے، کئی بار کمپنی سیکریٹری اور چیف فنانس افسر سے رابطہ کیا مگر کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔‘‘ریٹائرڈ ملازمین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے پنشن کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بزرگ شہری مزید مشکلات سے بچ سکیں۔