سندھ کے شہر جامشورو کے فیض محمد گوٹھ میں گیسٹرو کی وبا سے اموات کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی ٹیمیں متاثرہ گاؤں روانہ کر دی گئیں، جب کہ صاف پانی کے ٹینکرز بھی علاقے میں بھیج دیے گئے۔ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ کو کمشنر حیدرآباد اور ڈی سی جامشورو کی جانب سے گیسٹرو کے متاثرین سے متعلق رپورٹ ارسال کی گئی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوٹھ فیض محمد میں 85 مریض گیسٹرو میں مبتلا ہیں، جن میں 15 کی حالت نازک ہے، جب کہ 105 مریضوں کا علاج مکمل کر لیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ’’عوام کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے، کسی متاثرہ فرد کو علاج سے محروم نہ رکھا جائے‘‘۔انھوں نے مزید ہدایت کی کہ علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گیسٹرو کی وبا پر قابو پایا جا سکے