ایم کیو ایم کا کراچی میں ای چالان سسٹم پر اعتراض “ٹریفک پولیس کی کرپشن نہیں رکی”

کراچی (29 اکتوبر 2025): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی بھی ٹریفک پولیس کی رشوت ستانی کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ایم کیو ایم کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف چھ گھنٹوں میں سوا کروڑ روپے کے جرمانے عائد کرنا حکومت کے مالی مفادات کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو کھلے عام ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ ای چالان کے نام پر عوام پر مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔پارٹی رہنماؤں نے مزید کہا کہ یہ نظام شہری سہولت کے بجائے صوبائی خزانے کو بھرنے کا ذریعہ بن گیا ہے، جب کہ ٹریفک پولیس میں موجود کرپشن اور بدعنوانی کی جڑیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔