مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اتفاق

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اتفاق کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں سیاسی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد اور نئی حکومت سازی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران ممکنہ نئے وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ بننے کی باضابطہ دعوت دی۔ملاقات کے بعد احسن اقبال، امیر مقام، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ ہو گیا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوگی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت میں شامل نہیں ہوگی مگر تحریکِ عدم اعتماد میں ہمارا ساتھ دے گی۔جبکہ سینیٹر رانا ثناءُاللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت مسائل کے حل میں ناکام رہی ہے اور اتفاق رائے یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں ایک بہتر حکومت قائم کی جائے۔