کراچی میں مضرِ صحت دودھ کی فروخت پر مزید 7 دکانیں سیل یوریا کی ملاوٹ ثابت

شہرِ قائد میں مضرِ صحت دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ منگل کے روز مزید 7 دکانیں سیل کر دی گئیں، جن میں 3 ضلع جنوبی، 3 ضلع شرقی اور 1 دکان ضلع ملیر میں شامل ہے۔ تمام دکانوں سے حاصل کیے گئے دودھ کے نمونوں میں یوریا کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے احکامات پر ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ملیر کی دلپسند ڈیری — جو فارملین ملاوٹ کے باعث پہلے ہی سیل تھی — کے دودھ میں یوریا کی موجودگی بھی پائی گئی۔انتظامیہ کی اب تک کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 27 دکانیں سیل کی جا چکی ہیں۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی اور بیورو آف سپلائی کے افسران نے شرکت کی۔