کراچی اور لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہوا مضرِ صحت قرار

کراچی موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کراچی کا فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت درجے پر پہنچ گیا، شہر کی فضا میں آلودگی کی شرح 174 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ سطح انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ دھوپ اور بادل کے ساتھ موسم گرم اور خشک رہے گا۔ شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شمال اور شمال مشرقی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں، صبح و رات کے اوقات میں خنکی محسوس ہوگی جبکہ دن کے وقت گرمی کا زور رہے گا۔آج شہر کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 254 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور پنجاب کا چوتھا آلودہ ترین شہر قرار پایا۔ قصور 279، خانیوال 276 اور شیخوپورہ 270 کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔