پی ٹی اے کا آن لائن نوکری تلاش کرنے والوں کے نام انتباہ جعلی اشتہارات سے ہوشیار رہیں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن نوکری تلاش کرنے والے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے مفادِ عامہ کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے۔پی ٹی اے نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر آنے والی ہر نوکری کی پیشکش حقیقی نہیں ہوتی، اس لیے شہری محتاط رہیں۔ اتھارٹی کے مطابق جعلی ایجنٹس اور اسکیمرز زیادہ تنخواہ، آسان اوقاتِ کار یا بیرونِ ملک مواقع کا جھانسہ دے کر شہریوں سے پیسے اور ذاتی معلومات حاصل کرتے ہیں۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ یہ لوگ مختلف کمپنیوں کے نام استعمال کر کے نوجوانوں کو آن لائن ملازمت کی پیشکش کرتے ہیں، اور سروے یا تحقیق کے بہانے ان کی تصاویر اور لوکیشن حاصل کرتے ہیں، جنہیں بعد ازاں ملک اور شہریوں کے خلاف منفی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔پی ٹی اے نے واضح کیا کہ اگر کسی نوکری کی پیشکش ضرورت سے زیادہ پرکشش لگے، بھرتی کرنے والا شخص صرف واٹس ایپ پر رابطہ کرے، اپنی شناخت ظاہر نہ کرے، غیر ضروری معلومات جیسے شناختی کارڈ نمبر یا گھر کا پتہ طلب کرے، لنکس یا ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے پر زور دے، یا لوکیشن مانگے تو فوراً محتاط ہو جائیں اور ایسی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔