پاکستان کی مؤثر سفارت کاری پر عوام کا بھرپور اعتماد، آئی پی او آر سروے رپورٹ جاری

انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی حالیہ سروے رپورٹ میں پاکستان کی بہترین اور مؤثر سفارت کاری پر عوام کا بھرپور اعتماد سامنے آیا ہے۔آئی پی او آر کے مطابق یہ سروے 10 سے 20 اکتوبر کے درمیان ملک بھر میں مختلف اہم امور پر کیا گیا، جن میں پاکستان–سعودی عرب دفاعی معاہدہ، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا امریکا کا دورہ اور پاک–افغان کشیدگی کے موضوعات شامل تھے۔سروے کے نتائج کے مطابق 80 فیصد عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے نے ملک کے عالمی تشخص میں اضافہ کیا ہے، جبکہ 79 فیصد نے معاہدے کی حمایت کی۔ مزید برآں، 73 فیصد عوام کے مطابق اس معاہدے سے حکومت اور افواجِ پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ پاک–افغان کشیدگی میں 71 فیصد پاکستانیوں نے افغان طالبان کو ذمہ دار قرار دیا، جبکہ 75 فیصد شہریوں نے پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔آئی پی او آر سروے کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورۂ امریکا سے پاکستان کے عالمی تشخص اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔یہ سروے رپورٹ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی عکاس ہے۔