وزیراعظم شہباز شریف کی ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ریاض میں خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کی باضابطہ تفصیلات کچھ دیر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دونوں ممالک کی کابینہ کے سینئر اراکین بھی شریک تھے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔دوسری جانب، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے۔کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔