شیخوپورہ شاہین ولاز سیم پل بائی پاس پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے اسکول بس نالے میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 21 بچے زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئیں، تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ سات بچوں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں موقع پر طبی امداد دی گئی، جبکہ 15 زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں 6 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ وین کے گرم ہونے اور شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔