شاہدرہ میں شہری سے ڈکیتی کرنے والا پولیس افسر نکلا سب انسپکٹر عمار گرفتار

لاہور شاہدرہ کے علاقے میں شہری سے ڈکیتی کرنے والا پولیس افسر خود ہی ملزم نکلا۔ سب انسپکٹر عمار کو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سب انسپکٹر عمار تھانہ نیو انارکلی آپریشنز وِنگ میں تعینات تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عمار نے تقریباً 10 روز قبل اسلامیہ کالونی کے علاقے میں ایک شہری سے ڈکیتی کی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم نے ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو کے ساتھ مل کر شہری سے 4 لاکھ 70 ہزار روپے چھینے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آنے کے بعد ملزم کی شناخت ہوئی۔پولیس نے سب انسپکٹر عمار کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے سی آئی اے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد لاہور پولیس میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اعلیٰ حکام نے ملزم افسر کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کی پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔