لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو بھارتی جارحیت کے خلاف یومِ سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ دنیا کو جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی یاد دلائی جا سکے۔ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک مرکزی یکجہتی واک کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر “کشمیر بنے گا پاکستان” کے بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں احتجاجی واکس، سیمینارز، تصویری نمائشوں اور یکجہتی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جب کہ اسلام آباد، مظفرآباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں یومِ سیاہ کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔ صبح 10 بجے کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ یومِ سیاہ کی تقریبات میں کشمیری عوام کے ساتھ ایمان، یکجہتی اور عزمِ آزادی کے اظہار کے ساتھ ساتھ عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔ وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت اسکولوں اور کالجوں میں بھی یومِ سیاہ کی تقریبات منعقد ہوں گی جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔