روسی صدارتی محل کریملن نے صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مجوزہ ملاقات کی منسوخی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ کریملن کے ترجمان کے مطابق ملاقات منسوخ نہیں ہوئی اور روسی و امریکی محکمہ خارجہ اس حوالے سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پیوٹن اور ٹرمپ محض وقت ضائع کرنے کے لیے نہیں بلکہ بامقصد گفتگو کے لیے ملاقات کریں گے، اسی لیے دونوں رہنماؤں نے اپنی ٹیموں کو مکمل تیاری کی ہدایات دی ہیں۔ کریملن نے میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں صدور کی ملاقات کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے اور کسی قسم کی منسوخی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یوکرین بحران کا فوری حل ممکن نہیں اور اسی پس منظر میں سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایسی ملاقات نہیں کریں گے جو نتیجہ خیز ثابت نہ ہو، تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بدستور جاری ہیں۔