کراچی میں تیز اور خشک ہواؤں کی پیش گوئی، فضائی معیار غیر صحت بخش قرار

کراچی: محکمہ موسمیات نے آج شہر میں تیز اور خشک ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے، جن کی رفتار 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خشک ہواؤں کے باعث فضا میں نمی کا تناسب کم رہے گا جبکہ فی الحال پاکستان کی ساحلی پٹی کے لیے کسی قسم کے ڈپریشن یا خطرے کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار غیر صحت بخش قرار دیا گیا ہے، شہر کی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 167 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور قدرے سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، اور چترال، سوات، کوہستان و مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، مری اور گلیات میں سرد رہے گا، جب کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و خشک اور بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرد و خشک رہنے کا امکان ہے۔