شہر قائد میں اندھی گولیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، اورنگی ٹاؤن کی فقیر کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی چھ سالہ بچے کی جان لے گئی۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے کے باعث 6 سالہ رضوان جاں بحق ہوگیا۔
بچے کے والد کا کہنا ہے کہ رضوان اپنی والدہ کے ساتھ خالہ کے گھر جانے کے لیے نکلا تھا کہ اچانک نامعلوم سمت سے آنے والی گولی اس کو جا لگی۔واقعے کے بعد بچے کو پہلے نجی اسپتال اور پھر سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا، علاقے میں ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی لیاری موسیٰ لین میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں بلڈنگ کی چھت پر کھیلتی ڈھائی سالہ بچی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر کھیل رہی تھی کہ گولی سر میں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔