تل ابیب غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحد پر اسرائیلی فوجی گاڑیوں کے درمیان خوفناک ٹکراؤ کے نتیجے میں 12 فوجی زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب دو فوجی ہموی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثہ آپریشنل نوعیت کا تھا اور اس کے پیچھے کسی سیکیورٹی یا جھڑپ کا پس منظر نہیں پایا گیا۔ فوجی ترجمان کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اسرائیلی اخبار دی یروشلم پوسٹ کے مطابق حادثہ دراصل تین ہمر جیپوں کے درمیان پیش آیا، فوجیوں نے بتایا کہ دھول کے بادل کے باعث انہیں کچھ دکھائی نہیں دیا جس کے نتیجے میں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں تیز رفتاری کے باعث گاڑیوں پر کنٹرول کھونے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں شمالی غزہ کے علاقے میں بھی ایک ہمر جیپ کے الٹنے کے باعث 10 فوجی زخمی ہوئے تھے جن میں سے 2 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے یروشلم کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔